لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی جبکہ حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق 1992 میں چوہدری شوگر مل قائم کی گئی، 2008-10 میں ملزمہ چوہدری شوگر مل کی شیئر ہولڈر رہیں جبکہ 2015-16 میں نواز شریف چوہدری شوگر مل کے مرکزی شیئر ہولڈر بن گئے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نیب کی جانب سے مریم نواز کے ریمانڈ میں 15 روز توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ مریم نواز سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے، مریم نواز نےگزشتہ سماعت پر سیکرٹری اور سی ایف او کے پاس شیئر منتقلی کی دستاویزات موجود ہونے کا بیان دیا تھا۔
عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا جس میں عدالت نے مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18 ستمبر کو انہیں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے حمزہ شہباز کو بھی 18 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔