پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ سے لیڈی ہیلتھ ورکر جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پشتخرہ میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 38 سالہ لیڈی ہیلتھ ورکر شازیہ جاں بحق ہو گئی ہے۔ موٹرسائیکل سوار ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 38 سالہ شازیہ کو مدینہ کالونی میں نشانہ بنایا گیا۔ مقتولہ ہیلتھ ورکر نجی ادارے میں حفاظتی ٹیکوں کے شعبے میں کام کرتی تھی۔
دوسری جانب ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا نے پشاور کے نواحی علاقہ پشتخرہ میں فاطمید فاؤنڈیشن کی ورکر کے قتل پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے، اور اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کے مقتولہ کا پولیو پروگرام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔
جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں ای او سی کے ترجمان نے کہا کہ غیرسرکاری تنظیم فاطمید فاؤنڈیشن کی ہیلتھ ورکر شازیہ کا قتل ایک افسوسناک واقعہ ہے جس پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر مقتولہ کے غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ ترجمان ای او سی نے توقع ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعہ کے عوامل اور ذمہ داران کو سامنے لاکر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔