نئی دہلی (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) پلوامہ واقعے پر بھارتی سی پی آر ایف کی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ انٹیلی جنس کی ناکامی کی وجہ سے ہوا تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 14 فروری کو ہوئے پلوامہ واقعے پر بھارتی سی پی آر ایف کی انٹرنل انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد غلطیاں پلوامہ واقعے کاسبب بنیں، پلوامہ واقعہ انٹیلی جنس کی بڑی ناکامی کی وجہ سے ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملے سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئی ان پٹ شیئر نہیں کیا، پلوامہ واقعے میں نشانہ بننے والا فوجی قافلہ غیرمعمولی طور پر بڑا تھا، قافلے میں 78 گاڑیاں، 2 ہزار 547 عارضی اہلکار شامل تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طویل قافلے میں انفارمیشن لیک اور شناخت کیے جانے کے مواقع زیادہ تھے، فوجی قافلے کیساتھ سڑک پر سویلین گاڑیوں کو سفر کی اجازت بھی ہلاکت خیز رہی۔
واضح رہے کہ 14 فروری کو ہوئے پلوامہ حملے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جبکہ بھارتی وزارت داخلہ نے پلوامہ حملے میں انٹیلی جنس ناکامی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔