ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی غیر منافع بخش تنظیم نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی پلاسٹک سرجری کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان بھارت سمیت پوری دنیا میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں لیکن ان کی زندگی کے اس پہلو سے بہت کم لوگ واقف ہیں کہ وہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے سماجی طور پر بہت زیادہ سرگرم رہتے ہیں۔
شاہ رخ خان غیر منافع بخش تنظیم ’’میرفاؤنڈیشن‘‘ کے بانی ہیں جو تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے بہت زیادہ سرگرم ہے۔ یہ فاؤنڈیشن تیزاب سے متاثرہ خواتین کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں بھی مدد دیتی ہے تاکہ یہ خواتین معاشرے میں ایک بار پھر سر اٹھاکر جی سکیں۔
حال ہی میں شاہ رخ خان کی تنظیم میر فاؤنڈیشن نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میر فاؤنڈیشن نے ’’اتی جیون‘‘ فاؤنڈیشن اور نیو ہوپ اسپتال کے ساتھ مل کر تیزاب سے متاثرہ خواتین کے لیے پلاسٹک سرجری کا اہتمام کیا ہے تاکہ یہ خواتین ایک بار پھر عام لوگوں کی طرح معاشرے میں سرا ٹھاکر جی سکیں۔
میر فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ کیمپ 13 سے 15 جولائی تک لگایا جائے گا جس میں ان تمام خواتین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جو تیزاب گردی کا شکار ہوئی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں 44 خواتین کی پلاسٹک سرجری کی جائے گی۔
شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلی کے سی ای او وینکی میسور کا کہنا ہے کہ ہماری فاؤنڈیشن گزشتہ کئی سالوں سے تشدد کا شکار خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ فاؤنڈیشن متاثرین پر سے مالی بوجھ کم کرکے انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ یہ فاؤنڈیشن صرف تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کی مدد ہی نہیں کرتی بلکہ کمزوراور بے سہارا خواتین کو روزگار دلانے اور انہیں اپنے پیروں پرکھڑاہونے میں بھی مدددیتی ہےاوراس حوالے سے انہیں قانونی مشورے بھی فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ یہ ایک بہتر اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں شاہ رخ خان کو میر فاؤنڈیشن کے ذریعے خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے خدمات سرانجام دینے پر کرسٹل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس موقع پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک چھوٹے سے کام کےلیے اتنا بڑا ایوارڈ لیتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔