21

ایل او سی پر اشتعال انگیزی، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلکووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہریوں کو زخمی کرنے پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو مراسلہ بھی دیا جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج نے گزشتہ روز ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہوگئے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت دو سال میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے،  بھارتی افواج تسلسل کے ساتھ  لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنارہی ہیں، شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور ہیومنٹیرین قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے۔

پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ 2003ء کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں