لاہور (ڈیلی اردو) محکمہ صحت پنجاب نے یوم عاشور پر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد کے لیے لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور یوم عاشور کے موقع پر ہسپتالوں کو خصوصی اقدامات اپنانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں ہسپتالوں کی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کا ذخیرہ رکھا جائے۔
لاہور میں جلوس کے راستوں پر مختلف مقامات پر تین عارضی ہسپتال بھی قائم کئے جائیں گے۔ ہسپتالوں میں بیڈز، ادویات خون کی بوتلیں اور آکسیجن سلنڈر خاص طور پر مختص کر دیے گئے۔
دریں اثنا لیسکو ہیڈ کوارٹر میں نویں دسویں محرم میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے چھ افسران کی ہنگامی ڈیوٹی لگا دی گئی، اس سلسلہ میں جاری مراسلہ کے مطابق پاور کنٹرول سنٹر میں ایکسین مقبول احمد کی سربراہی میں ایس ڈی او بلال عمران، فرقان عزیز، حافظ عثمان، محمد عرفان، حسنین رضا نویں دسویں محرم کو فرائض انجام دیں گے جبکہ ماتحت عملہ بھی معمول کے مطابق حاضر رہے گا۔