بلوچستان حکومت عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے سہولیات فراہم کرے: علامہ برکت علی مطہری

کوئٹہ (ڈیلی اردو) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے جنرل سیکرٹری علامہ برکت علی مطہری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؑ کے لازوال قربانی کی یاد دلاتا اور ہمیں متحد ہونے کا در س دیتا ہے مجلس عزاء اور جلوس عزاء ہمارا بنیادی انسانی حق ہے اس پرپابندی قبول نہیں۔

حکومت بلوچستان مجالس پر پابندی کی بجائے دہشت گردوں پر پابندی لگائے اور ہمیں سیکورٹی فراہم کرئے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں دنیا کے انسان خصوصاً امت مسلمہ نواسہ رسولﷺ کا غم مناتی ہے، لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں اور شریف شہریوں کی آزادی پر پابندی لگائی جارہی ہے مجلس عزاء اور جلوس عزاء پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداری کے ایام میں عزداروں کو ہراساں کرنے کی بجائے انہیں سہولت فراہم کی جائیں جعفر آباد ،باغ ٹیل ،گنداخہ امام بارگاہ اور ڈھاڈر میں 8 محرم کی رات نکلنے والے جلوسوں پر پابندی کی بجائے سیکورٹی دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام بارگاہ چھلگری بھاگ ناڑی میں مجلس عزاء پر حملے کی مذمت کرتے ہیں حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کیا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں