حیدر آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع حیدر آباد کے علاقے گلستان جوہر میں جلوس کے دوران لوہے کا علم بجلی کے تار سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے ایک عزادار جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
کینٹ پولیس کا کہنا تھا کہ ‘صدر کے علاقے جہاں پلازہ میں محرم کا جلوس جارہا تھا اور اس دوران 11 ہزار والٹ کے بجلی کے تار سے علم ٹکرایا جس سے ایک عزادار جاں بحق ہو گیا اور دو زخمی ہوگئے ہیں ’۔
ان کا کہنا تھا کہ علم لوہے کا بنا ہوا تھا، کرنٹ لگنے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت آفان احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جلوس کے دوران علم بجلی کے تار سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں 4 عزادار جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔