نوشہرو فیروز: دریا خان میں نویں محرم کے جلوس پر پتھراؤ، 8 عزادار زخمی، رینجرز طلب

نوشہرو فیروز (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے نواحی علاقے دریا خان مری بائی پاس کے قریب نویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس پر مدرسہ سے دہشتگردوں کے حملہ سے 8 عزادار زخمی ہو گئے۔

ڈیلی اردو کے نمائندے کے مطابق دریا خان میں نکلنے والے قدیمی ماتمی جلوس پر اس وقت کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے شدت پسند مہتمم قربان خاصخیلی اور اسکے دیگر درجنوں ساتھیوں نے حملہ کر دیا، جب جلوس اپنی منزل کی طرف رواں تھا، حملہ کے نتیجے میں آٹھ عزاداران زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو نوشہرو فیروز، نوانشاہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ ڈی ایس پی ایوب درس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پڈعیدن، پھل، دریا خان، مری سے مزید پولیس اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جلوس کی سکیورٹی پر سینکڑوں پولیس کے اہلکار معمور تھے اور انکی موجودگی میں مدرسے سے جلوس پر پتھراؤ اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا، عزاداروں کا کہنا تھا کہ فورسز کی موجودگی میں جلوس پر حملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

جلوس میں موجود عینی شاہدین نے نمائندے کو بتایا کے یہ جلوس سالہا سال سے نکالا جا رہا ہے، جس کے انتظامات میں علاقے کے اہلسنت برادران نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور آج بھی ہمارے ساتھ شامل ہیں لیکن جب سے مدرسے کا قیام عمل میں آیا ہے علاقے میں مذہبی منافرت کے بیج بوئے جارہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں