بیروت (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) حزب اللہ نے لبنان کی سرحد پر اسرائیلی ڈرون مار گرانے اور تحویل میں لینے کا دعوی کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی سرحد پار کرنے والے اسرائیلی ڈرون کو حزب اللہ کے جنگجوں نے رامیہ کے علاقے میں مار گرایا اور اسرائیلی ڈرون اب ان کے قبضے میں ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون معمول کی پرواز پر تھا۔
اسرائیل فوج کی ترجمان کے مطابق حزب اللہ نے جس ڈرون کو نشانہ بنایا وہ ‘معمولی’ تھا۔ تاہم ترجمان نے معمولی ڈرون کی وضاحت نہیں کی ہے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ چند روز قبل لبنان میں حزب اللہ کی وزارت اطلاعات کی عمارت پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کا الزام حزب اللہ نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔
لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سالمیت پر کھلا حملہ قرار دیا تھا۔
اسرائیل نے بھی گزشتہ ہفتے حزب اللہ پر لبنان کے علاقے بیکا میں میزائل فیکٹری کی تعمیر کا الزام عائد کیا۔
حزب اللہ نے بھی ردعمل کے طور پر اسرائیل پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی تباہ ہوئی۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران حزب اللہ کے تعاون سے ایک منصوبے کے مطابق گائیڈڈ میزائل لبنان اسمگل کر رہا ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان میں ہتھیاروں کی کوئی فیکٹری تعمیر نہیں کر رہا۔
یاد رہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 2006 میں بھی ایک ماہ کی طویل جنگ ہو چکی ہے اور اس کے بعد سے دونوں ممالک کی سرحد پر صورتحال کشیدہ ہے۔