اسلام آباد (ڈیلی اردو) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹرویز پولیس نے موٹر وے پر سفر کرنے والی تمام پبلک سروس وہیکلز میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس ثاقب وحید کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق موٹر وے پر چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں بھارتی فلمیں اور ایسا مواد جس میں نفرت اور مذہبی انتشار وغیرہ کا خدشہ ہو یا غیر اخلاقی مواد پر فی الفور پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ اقدام ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر اٹھایا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔
اس ضمن میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔
موٹر وے پر سفر کرنے والے مسافر انڈین فلمیں اور نفرت انگیز مواد کی شکایت 130 موٹروے پولیس ہیلپ لائن اور موبائل ایپلیکیشن nhmp”hamsafar” پر کر سکتے ہیں ۔