جرمنی کا اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کو پناہ دینے کا فیصلہ

برلن (ڈیلی اردو) جرمن حکومت نے سمندری راستوں سے اٹلی پہنچنے والے 25 فیصد مہاجرین کو سیاسی پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کسی بھی مہاجر کو ڈوبنے نہیں دیا جائے گا۔

ہورسٹ زیہوفر کے مطابق اطالوی حکومت کے ساتھ طے شدہ منصوبے میں تبدیلی نہ ہوئی تو ہر چوتھے مہاجر کو جرمنی میں لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک جن مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا کر اٹلی پہنچایا گیا ہے، ان میں سے ہر چوتھا مہاجر جرمنی پہنچا ہے ور اس سے ہماری مہاجرت ے متعلق پالیسی پر بوجھ نہیں بڑھے گا۔

زیہوفر کا کہنا تھا کہ یہ نظام ختم ہونا چاہیے کہ مہاجرین کو ڈوبنے سے بچانے والے بحری جہازوں کو بندرگاہوں پر مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے اور کوئی انہیں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ دوسری جانب اٹلی نے ایک اور امدادی جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اطالوی حکومت نے ہفتے کے روز امدادی جہاز اوشین وِکنگ اور اس پر سوار 82 تارکین وطن کو لیمپے ڈوسا کی بندر گاہ پر اترنے کی اجازت دے دی ہے۔ امدادی جہاز پر سوار یہ تارکین وطن ایک ہفتے سے بحیرہ روم میں پناہ کی تلاش میں دربدر پھررہے تھے۔ سمندری راستوں کے ذریعے یورپ کا رخ کرنے والے زیادہ تر پناہ کے متلاشی افراد اٹلی، یونان اور اسپین پہنچتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں