اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیر اعظم عمران خان کی معاشی ٹیم نے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اور اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 اداروں کی تشکیل نو اور 10 اداروں کی نجکاری کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائیگا، نیشنل بینک آف پاکستان اور اسٹیٹ لائف کو بھی فاسٹ ٹریک پرائیوٹائزیشن کی جانب لانے کا سوچ سکتے ہیں۔
بحران سے نکل کر مستحکم دور میں داخل ہوگئے ہیں،ٹیکس وصولی میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا اور فائلرز کی تعداد بڑھائی گئی، درآمدات میں کمی کرکے برآمدات میں اضافہ کیا گیا اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70 فیصد تک کمی لائی گئی، رواں سال جولائی اور اگست میں 580 ارب روپے کے ٹیکسز جمع کیے گئے، 23 اگست سے ٹیکس ریفنڈ کا سلسلہ شروع کردیا گیا، اب ریفنڈ فوری طور پر ہوں گے اور 100 فیصد ہوں گے،صرف عوام کے فائدے کیلئے کام کر رہے ہیں۔