ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سنگم پر واقع ضم شدہ قبائلی علاقہ درازندہ میں شہال راغہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 4 خانہ بدوش چرواہے جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں 50 سے زائد جانور بھی ہلاک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سنگم پر واقع ضم شدہ قبائلی علاقہ درازندہ کے علاقہ شہال راغہ میں مٹی کا پہاڑی تودہ اچانک گر گیا ‘ جس سے تودے کے نیچے آ کر 4 (خانہ بدوش) کوچی پونداگان جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں آدم خان ولد سالت خان دوتانہ اور ظاہر شاہ ولد علی محمد دوتانہ سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں 50 سے زائد بھیڑ بکریوں بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر درازندہ سمیع اللہ خان کی نگرانی میں لیویز فورس نے ہیوی مشینری کے ذریعے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا’ اور نعشوں کو نکال لیا’
ذرائع کا کہنا ہے کہ تودہ ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب شھال راغہ میں پہاڑ کے دامن میں بیٹھ کر آرام کرنے والوں خانہ بدوشوں پر گرا۔
جاںبحق افراد کا تعلق کوچی پوندگان قبیلہ سے ہے۔ تمام جاں بحق افراد کی نعشیں تودے کے نیچے سے نکال لی گئیں۔ کوچی پوندگان قبیلہ کے لوگ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف رخ کرتے ہیں جہاں سے وہ پنجاب جاتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق واقعے میں مرنے والی بھیڑ بکریوں کی تعداد 100 کے قریب ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ نے جاں بحق ہونیوالے دو افراد کو بلوچستان کے ضلع ژوب روانہ کردیا’ جبکہ دو دوتانی پونداگان کو انکے اپنے علاقوں میں روانہ کیا گیا۔
انتظامیہ نے پہاڑی تودہ گرنے سے متاثر ہونیوالے روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بحال کروا دیا۔