سڈنی (ج ح ط) آسٹریلیا کی جنوب مشرقی ریاست نیو سائوتھ ویلز میں شدید موسمی صورتحال کے باعث گولبرن اور پہاڑوں پر شدید برفباری ہوئی ہے جبکہ سڈنی میں موسلادھار بارش سے ٹریفک کا نظام متاثر ہو گیا۔
آسٹریلوی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو سائوتھ ویلز کے مشرقی ساحل اور مختلف مقامات گولبرن، پہاڑی علاقوں، باتھرسٹ میں اچانک شدید برفباری ہوئی جس کے باعثدرخت، میدان اور پہاڑی علاقے برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے جبکہ سڈنی کی جنوب میں گولبرن اور جنوبی ہالینڈز کے گائوں سٹن فاریسٹ کے درمیان ہائی وے پر ٹریف کا نظام دونوں اطراف سے متاثر ہوا۔ ٹرانسپورٹ منیجمنٹ سینٹر نے ڈرائیور حضرات کو برفباری سے متاثرہ لیورا اور باتھرسٹ کے درمیان گریٹ ویسٹرن ہائی وے کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد ٹرک ہائی وے پر پھنس گئے ہیں جس کے باعث روڈز بلاک ہیں۔
سڈنی میں آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔ آسٹریلوی بیورو آف میٹیورولوجی نے بتایا کہ شمالی نیوسائوتھ ویلز میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور طوفان کا امکان ہے جس کے باعث ٹینٹرفیلڈ، رمیڈیل اور گلین انیز میں آگ لگنے کے واقعات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ نیو سائوتھ ویلز کے جنوبی اور مرکزی حصون میں شدید بارش سے میال ، پیٹرسن اور ولیم دریائوں اور ٹوگیراہ جھیل میں سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔