اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اقبال وزیر پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقبال وزیر پر قاتلانہ حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل سپین وام کے علاقے اباخیل میں ہوا، سرکاری ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں اقبال وزیر بال بال بچ گئے ہیں اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فاتحہ سے واپسی پر اقبال وزیر کی گاڑی کو سنائپر سے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے اقبال وزیر کی گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔
اقبال وزیر کو انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے