وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

جدہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پربات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے تیل کے ذخائر پر حملوں کی مذمت بھی کی۔

اس سے قبل جدہ کے شاہی ٹرمینل پر پہنچنے پر شہر مکہ کے گورنر خالد الفیصل بن عبد العزیز نے عمران خان کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذولفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے74 ویں اجلاس میں شرکت کی غرض سے نیو یارک جانے سے پہلے سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وہاں کرفیو اور پابندیاں عائد کرنے کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد سے وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کے ولی عہد سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں