وزیراعظم عمران خان 21 سے 27 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان 21 سے 27 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کرینگے۔

وزیر اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر پر موقف دینگے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرینگے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونگے۔

جمعہ کو دفتر خارجہ نے وزیر اعظم عمران کے دورہ امریکہ کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 سے 27 ستمبر تک دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے اعلی سطح کے وفد کی سربراہی جبکہ 27ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔

وزیراعظم نیو یارک میں قیام کے دوران مختلف ملکوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں او آئی سی کے کشمیر کیلئے رابطہ گروپ کا اجلاس بھی منعقد ہو گا جس سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خطاب کرینگے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود سیشن کے دوران اپنے ہم منصبوں سے الگ الگ ملاقات بھی کرینگے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قیام کے دوران ماحولیاتی تبدیلی، عالمی صحت اور پائیدار ترقی کے اجلاسوں میں شرکت اور معروف امریکی تھنک ٹینک، نفرت انگیز تقاریر کے خاتمہ پر مباحثے کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ اور غربت کے خاتمہ سے متعلق سیمینار سے بھی خطاب کرینگے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کرینگے اور پاک ترک ملائشیاءسہ فریقی سربراہ اجلاس میں بھی شریک ہونگے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں