تہران (ڈیلی اردو) ایران پر نئی امریکی پابندیاں، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مسترد کردیں، جبکہ پاسداران انقلاب گارڈز نے خبردار کیا ہے کہ جس ملک نے ایران پر حملہ کیا اسے میدان جنگ بنا دیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیاں امریکی ڈپریشن کی علامت ہیں،
ایک ہی ادارے پر بار بار پابندیوں سے ظاہر ہے امریکی دباو کی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو خوراک، دواوں تک رسائی سے محروم کرنا خطرناک اور ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری سرحد کی خلاف ورزی کرنے والے ہر کسی کو ہم نشانہ بنائیں گے اور اس کی ذمہ داری بھی لیں گے اور ایران کے پاس فوج کی عملی صلاحیت موجود ہے’۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب گارڈز کے کمانڈر حسین سلامی نے خبردار کیا ہے کہ جس ملک نے بھی ایران پر حملہ کیا اسے میدان جنگ بنا دیں گے، جو اپنے ملک کو میدان جنگ بنانا چاہتا ہے، آگے آ جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کسی ملک کو ایران پر جنگ مسلط کرنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے، امید ہے کوئی اسٹریٹیجک غلطی نہیں کرے گا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میجر جنرل حسین سلامی نے ایک عوامی اجمتاع میں اپنے سخت بیان میں مخالفین کو ‘شکاری گدھ’ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا رواں برس جون میں ایرانی ایئر ڈیفنس کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرانے کے واقعے کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایران میں گرے ہوئے ڈرون کی باقیات موجود ہیں۔