وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان سے سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل کومی نائیڈو نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے دورہ امریکہ کے موقع پر اتوار کو سیکرٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو عوام تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے مقبوضہ وادی میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی حقیقی صورتحال پیش کرنے اور 7 ہفتے طویل لاک ڈاﺅن کا شکار کشمیری آبادی کی آواز سنانے کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کاوشوں کی وجہ سے عالمی برادری میں کشمیری عوام کو درپیش مسلسل مشکلات سے آگاہی میں مدد ملی ہے۔

وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال اور اس سے کشمیری نوجوانوں پر ہونے والے اثرات کے حوالے سے ایمنسٹی کی رپورٹ کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی سول سوسائٹی وکالت میں معاونت جاری رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کی کشمیر پر دو رپورٹس ایک مضبوط بنیاد ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے وزیراعظم کو کشمیر کو بولنے دو کی ایمنسٹی کے ایڈووکیسی کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے وزیراعظم کو ماحولیاتی انصاف سے متعلقہ ایمنسٹی کے کام سے بھی آگاہ کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو گلوبل ساﺅتھ ایڈووکیسی پر غور کی تجویز دی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں