کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبہ ہلمند میں پیر کو افغان فضائیہ کی ایک کارروائی کے دوران 40 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغان لڑاکا طیاروں نے صوبہ ہلمند کے ضلع موسیٰ قلعہ کے خاکسر علاقے میں شادی کی تقریب پر وحشیانہ بمباری کی ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد شہید اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہلمند صوبے کے دو عہدے داروں نے بتایا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات طالبان دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز کے حملے میں 35 شہری شہید جب کہ 13 زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے طالبان کے خودکش بمباروں کے ایک تربیتی مرکز پر حملہ کیا تھا۔ تاہم طالبان کے ٹریننگ سینٹر سے متصل ایک شادی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا تھا، جو حملے کی زد میں آگئی۔
ہلمند کی صوبائی کونسل کے رکن عطااللہ افغان نے بتایا ہے کہ ضلع موسیٰ قلعہ کے علاقے خاکسر میں سکیورٹی فورسز کے حملے میں ایک شادی کی تقریب نشانہ بن گئی۔ شادی کی تقریب میں آئے 35 مہمان شہید اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ایک اور صوبائی کونسل کے رکن عبدالماجد اخونزادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں 40 افراد شہید ہوئے ہیں۔
ادھر معروف افغان صحافی بلال سروری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت 70 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں۔
#AFG At least 70 civilians killed in the night raid that was followed by air strikes in Mosa Qala. A wedding was hit. Women,children&elderly are among those killed. Some bodies are under the rubbles,A tribal elder from Mosa Qala in Helmand province tells me. #Notjustnumberslives
— BILAL SARWARY (@bsarwary) September 23, 2019
افغانستان کی وزارتِ دفاع نے اس واقعے سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلمند کے ضلع موسیٰ قلعہ میں فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن کیا ہے جس میں 22 طالبان دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ دفاع کے مطابق کارروائی میں 14 طالبان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن میں 5 پاکستانی شہری اور ایک بنگلہ دیش کا شہری بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تربیت گاہ غیر ملکی شدّت پسندوں کے زیرِ استعمال تھی۔
حملے کے دوران شہریوں کی شہادت کی خبروں کی وزارتِ دفاع نے تصدیق یا تردید نہیں کی۔ البتہ وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ وہ شہریوں کی شہادت کی اطلاعات پر تحقیقات کریں گے۔
دوسری جانب واقعے سے متعلق طالبان کا کہنا ہے امریکی فورسز کی معاونت کے ساتھ افغان سکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات کو ایک فضائی حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ موسیٰ قلعہ میں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جاری جھڑپوں کے تناظر میں کیا گیا۔
طالبان نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز کے حملے اور جھڑپوں میں متعدد شہریوں کے علاوہ 18 سکیورٹی اہلکار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں امریکی فوج نے ایک ڈرون حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں بھی 30 مزدور شہید اور 40 سے زائد مزدور اور کسان زخمی ہوگئے تھے۔
افغانستان کی وزارتِ دفاع اور افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے ایک ترجمان سونی لیگٹ نے علاقے میں ڈرون حملے کی تصدیق کی تھی۔ لیکن، اس میں شہریوں کی شہادت کی تعداد نہیں بتائی گئی تھی۔