نیویارک (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باضابطہ باہمی ملاقات سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے امریکا میں ہیں جہاں وہ 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ تیار ہیں لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو میں تیار ہوں’۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘مجھ سے قبل امریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا، وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم سے بہت اچھے تعلقات ہیں’۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘میں افغان مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں یہ مسئلہ ہمارے لیے بہت اہم ہے’۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکی کونسل فار فارن ریلیشنز سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ میں شامل ہوکر بہت بڑی غلطی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2008 میں امریکا آیا تو ڈیموکریٹس کو بتایا تھا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار لوگوں نے جانیں قربان کیں، 200 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ سوویت فوج نے افغانستان میں جنگ کے دوران 10 لاکھ شہریوں کو ہلاک کیا، پاکستان میں 27 لاکھ افغان پناہ گزین رہ رہے ہیں۔