اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، گذشتہ کئی سالوں سے اس ادارہ کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے یہ ادارہ قومی خزانہ پر بوجھ بن گیا، یہ گذشتہ حکومتوں کی قوم سے ناانصافی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، چیئرمین پاکستان سٹیل ملز بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ممتاز اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کو منافع بخش ادارہ بنانے اور اس کی بحالی کیلئے مکمل طور پر کوشاں ہے تاکہ اس ادارہ کو قومی خزانہ پر بوجھ کی بجائے ایک مکمل فعال ادارہ بنایا جائے جو ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
اجلاس کے دوران پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اب تک بعض چینی اور روسی کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز پر کیا جا رہا ہے۔