اسلام آباد (ڈیلی اردو) جج ویڈیو اسکینڈل کے تناظر میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے پہلی دفعہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپیل کا فیصلہ کرنے سے قبل جج ویڈیو اسکینڈل کے شواہد کا جائزہ لیا جائے۔
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو اسکینڈل کا معاملہ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ویڈیو اسکینڈل کے تناظر میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے متفرق درخواست دائر کر دی۔
درخواست چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت جج ارشد ملک کے بیان حلفی اور پریس ریلیز کو اپیل کا حصہ بنایا جائے۔
اپیل کا فیصلہ کرنے سے قبل جج ویڈیو اسکینڈل کے شواہد کا جائزہ لیا جائے۔ جج ارشد ملک کے بیان سے ایک جانب کا مؤقف سامنے آیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے فارنزک رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریکارڈ کا حصہ بنائے۔
جج ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے دوسری جانب کا مؤقف بھی سنا جائے۔ متفرق درخواست نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دائر کی۔ یاد رہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی اپیل پر سماعت سات اکتوبرکو سماعت ہو گی۔