امریکی کانگریس کے وفد کا مظفرآباد کا دورہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) امریکی کانگریس کے وفد نے مظفر آباد کا دورہ کیا ہے۔ دورے کا مقصد پانچ اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدام کے بعد زمینی حقائق اور عوامی جذبات کا جائزہ لینا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق امریکی سینیٹر کریس وین کی سربراہی میں کانگریس کے وفد نے مظفر آباد کا دورہ کیا۔ امریکی وفد میں میگی حسن اور امریکی ناظم الامور پال جونز شامل تھے۔ اس دوران میجر جنرل عامر نے وفد کو ایل او سی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ امریکی وفد کی صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں انسانی حقوق کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وفد نے اس دوران بتایا کہ بھارت کو کرفیو ہٹانے اور زیرحراست قیدیوں کو رہا کرنے پر زور دیں گے جبکہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔ صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر زور دیا جائے۔

امریکی وفد مقبوضہ کشمیر میں بدترین صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایاکہ بھارت کی مبصرین کو مقبوضہ علاقے میں جانے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی نے سب ٹھیک ہے کا پراپیگنڈہ بے نقاب کردیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں