سکھر: پنو عاقل میں سی ڈی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کارروائی، لشکر جھنگوی کے 2 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار گرفتار

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے والے سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکاروں کو سندھ پولیس نے گرفتار کرلیا۔

سندھ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سندھ پولیس کو بغیر اطلاع دیئے پنو عاقل میں کارروائی کرتے ہوئے لشکر جھنگوی کے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق شیخوپورہ اور فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔

سندھ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکار خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کو گرفتار کرنے پنوعاقل آئے تھے تاہم مقابلے کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ایس او پی فالو نہ کرنے پر سی ٹی ڈی پنجاب کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم اس حوالے سے سندھ پولیس کے کسی افسر کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سندھ پولیس نے سی ٹی ڈی پنجاب کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف دو شہریوں کو مبینہ طورپر مقابلے میں قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے اپنی مدعیت میں کھنڈو خان، احمد سعید چشتی، محمد ابوبکر، سیلم خان، حمیر افضل سمیت پنجاب پولیس کے اہلکاروں پر دو افراد کو مشترکہ منصوبے کے تحت قتل کرنے کا مقدمہ درج کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سعید کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا، ملزم جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ریڈ بک کے مطابق ملزم پر پنجاب کے مختلف تھانوں میں 11 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

ملزم سعید لاہور میں ڈی ایس پی طارق کمبوہ کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھا، اس کے علاوہ شیخوپورہ میں 13 افراد کو قتل کرنے میں بھی ملوث تھا۔

ریڈ بک کے مطابق ملزم ڈی ایس پی مراتب حسین کے گھر دستی بم حملے میں بھی ملوث تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں