کابل: 3 بھارتی انجینئرز کے بدلے 2 شیڈو گورنرز سمیت 11 طالبان رہا

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں امریکا کے زیر استعمال بگرام ملٹری بیس سے 2 شیڈو گورنرز سمیت 11 طالبان قیدیوں کو تین بھارتی انجینئرز کے بدلے رہا کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے ایک سال قبل اغوا کیے گئے 7 بھارتی انجینئرز میں سے 3 کو رہا کردیا تاہم اس کے  بدلے 11 طالبان قیدیوں کو بھی رہا کرایا گیا ہے جن میں ملا عمر دور کے صوبہ کنڑ اور صوبہ نمروز کے دو سابق شیڈو گورنرز شیخ عبدالرحیم اور مولوی عبدالرشید بھی شامل ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز قیدیوں کا یہ تبادلہ افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں رہا ہونے والے طالبان قیدیوں کو طالبان کے ارکان کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وائس آف امریکا کو بتایا ہے کہ اُنہیں فی الحال اس بارے میں تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں اور وہ ان کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد آگاہ کریں گے۔

افغان اور بھارتی حکومت کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی قیدیوں کو گزشتہ برس چار افغان اہلکاروں کے ساتھ اُس وقت طالبان نے گرفتار کر لیا تھا جب وہ بغلان صوبے میں بجلی کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

ان بھارتی افراد میں سے ایک فرار ہو کر رواں سال مئی میں بھارت پہنچ گیا تھا جبکہ باقی بھارتی شہریوں کے بارے میں اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں