چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ‌ میں‌ 14 روزہ توسیع

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔

چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار مریم نواز اور یوسف عباس کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد احتساب عدالت پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات ہو رہی ہیں تفتیش مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔ کمرہ عدالت میں مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں اور شور شرابہ کرنے پر پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد وکلا کو مریم نواز سے علیحدہ کمرے میں مشاورت کی اجازت دیدی۔ علیحدہ کمرہ میں مریم نواز کے ساتھ اضافی افراد کے جانے پر عدالت نے نائب کورٹ کو پولیس کی مدد اضافی افراد کو فوری نکالنے کے احکامات جاری کیے۔ کیس کی کارروائی مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج جواد الحسن نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں تئیس اکتوبر تک توسیع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں