لاہور (ڈیلی اردو) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھی آئی لینڈرز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں آئی لینڈرز نے پہلے بیٹنگ کرکے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بناسکی۔
پاکستانی بیٹنگ لائن اپ گزشتہ 2 میچوں کی طرح اس میچ میں بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 52 جبکہ بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 27 رنز اسکور کئے۔
اس کے علاوہ کپتان سرفراز اور افتخار احمد نے 17، 17 جبکہ وہاب ریاض نے 12 رنز اسکور کئے۔ فخر زمان بنا کوئی رن بنائے اننگز کی پہلی گیند پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا ڈی سلوا نے 3، لاہیرو کمارا نے 2 اور راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سری لنکن ٹیم نے پہلی بار 3 میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی جبکہ کلین سوئپ کے بعد پاکستان کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی خطرے میں پڑگئی۔
ونندو ہسارانگا ڈی سلوا کو میچ میں 3 اور سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔