کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 111 افراد کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ‘اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سولجر بازار پولیس نے کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر عبدالسلام عرفان عرف مسہ کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ‘ٹارگٹ کلر نے فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 111 افراد کو قتل کیا تاہم پولیس نے ملزم کو نشتر روڑ سے گرفتار کیا’۔
ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ ایک پورا گینگ ہے جس میں مختلف کارکن اور مجرمان شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم عباسی شہید اسپتال میں سرکاری ملازم تھا، اس کا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوگیا ہے جس میں بہت سے ملزمان شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار ے جارہے ہیں۔
ٹارگٹ کلر عبدالسلام نے پاک آرمی کے 2 اور نیوی کے ایک اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کی۔’اس کے علاوہ ملزم نے 8 پولیس اہلکاروں کی بھی ٹارگٹ کلنگ کی۔
ملزم نے مجموعی طور پر سرکاری ملازمین سمیت 111 افراد کو قتل کیا۔‘
غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزم نے پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم حقیقی، مسلم لیگ ن اور پختون جماعتوں کے کارکنان کا بھی قتل کیا۔ ’ملزم نے مخبری کے شبے پر 57 اور بھتہ نہ دینے پر 7 افراد کو قتل کیا۔ ملزم عبدالسلام عرفان کے خلاف 57 مقدمات کی فہرست موجود ہے، وہ کئی مرتبہ گرفتار بھی ہوا لیکن اسے پیرول پر رہائی مل گئی۔
غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزم سانحہ 12 مئی میں بھی ملوث ہے اور کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا حلیہ تبدیل کرلیا اور تبلیغ پر چلا گیا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا مزید کہنا تھا کہ ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والی طالبہ مصباح کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس واقعے میں کچرا چننے والے افغانی جرائم پیشہ ملوث ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے اپنے ساتھی بشیر افغانی کے ساتھ واردات کی تھی، واردات کے دوران طالبہ سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور مفرور ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔