لاہور (ڈیلی اردو ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہر جگہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر یکجہتی کشمیر کے پروگراموں اور ریلیوں میں شریک ہوں تاکہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں اور عالمی برادری تک یہ پیغام پہنچ جائے کہ کشمیری جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ہیں ۔
پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر ہے اور جب تک کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا، پاکستانی قوم ان کی حمایت اور سرپرستی جاری رکھے گی ۔
انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے حالیہ دورہ کشمیر سے بھارت کی آنکھیں کھل گئی ہیں کہ کوئی ایک کشمیری بھی مودی کے استقبال کے لیے باہر نہیں نکلا خ۔ پوری وادی میں مکمل ہڑتال اور ہو کا عالم تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں کئی روز سے کرفیو لگا رکھاتھا تاکہ مودی کے دورہ کے موقع پر امن کا تاثر دیا اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاسکے مگر وہ بری طرح ناکام رہے ہیں اور بھارت کا خونخوار چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوگیاہے ۔