لندن (ڈیلی اردو) برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منطور کرلی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی ضمانت پر پراسیکیوشن کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی، پراسیکیوشن نے ضمانت کی شرائط پر اتفاق کیا جس کے بعد بانی ایم کیو ایم کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پر رات 12 سے صبح 9 بجے تک پابندی رہے گی، ان پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی ہوگی، بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر تحریر و تقریر کی پابندی عائد ہوگی، اس کے علاوہ عدالت نے الطاف حسین کی رہائش گاہ پر رات کو کسی بھی شخص کے آنے اور عدالتی حکم کے بغیر ان کے ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی لگادی۔
عدالت نے مجسٹریٹ کورٹ ایکٹ کے تحت رپورٹنگ پر پابندی عائد کردی، بانی ایم کیو ایم کی آئندہ پیشی یکم نومبر کو سینٹرل کرمنل کورٹ میں ہوگی، ان کا پاسپورٹ بھی پولیس کی تحویل میں رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق بانی ایم کیو ایم کے ٹخنے پر جی پی ایس ٹریکر لگا دیا گیا ہے، ان کے ٹخنے پر جی پی ایس ٹریکر نائٹ کرفیو یقینی بنانے کے لیے لگایا گیا ہے۔
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر بانی ایم کیو ایم دوبارہ گرفتار کرلیا جائے گا۔