آزاد کشمیر: بھارتی فوج کی نیزہ پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری، بچی سمیت 3 افراد شہید، 6 زخمی

مظفر آباد (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے علاقے نیزہ پیر پر بھارتی افواج نے بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری کرکے ایک بچی سمیت تین افراد کو شہید اور 6 سے زائد افراد کو شدید زخمی کردیا ہے۔ شہدا میں غلام محمد، حیدر علی اور مریم شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے نیزہ پیر سیکٹر کے علاقے حویلی کہوٹہ کے گاوں کیرنی موہری سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ غلام محمد ولد لعل دین، 10 سالہ حیدر علی ولد محمد خلیل اور 12 سالہ بچی مریم دختر غلام محمد شہید ہوگئے ہیں جبکہ آمنہ بی بی زوجہ محمد طارق ساکنہ مندہار، نصیب جان زوجہ عبد السبحان، سفینہ بی بی زوجہ محمد عارف، بیگم جان، منظور احمد، سرفراز احمد ساکن کیرنی مدارپود زخمیوں میں شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر علاج معالجے میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حویلی کہوٹہ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج سویلین آبادی کو نشانہ بنارہی ہے اور گولہ باری میں مصروف ہے۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ نیزہ پیر سیکٹر میں ہونے والی فائرنگ سے تین شہری شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کنٹرول لائن کے سیکٹر حویلی پر کی جانے والی بھارتی افواج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں