اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں عظیم قوم بننا ہے، ملک کو بھیک سے نہیں چلانا، کامیاب جوان پروگرام کی سب سے اہم چیز میرٹ ہے۔ یہ پہلی اسمبلی ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب ہوئی جس سے وزیراعظم عمران نے خطاب کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کےلیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، نوجوانوں کیلیے نیشنل انٹرن شپ پروگرام بھی لے کر آرہے ہیں، نوجوانون کو مختلف صنعتوں میں انٹرن شپ کروائیں گے، 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے، یہ قرضے نوجوانوں کیلیے ہیں، 25 ارب صرف خواتین کیلیے ہوں گے، گرین یوتھ موومنٹ میں نوجوانوں کی ممبر شپ کریں گے، 10 ارب روپے اسکل ایجوکیشن پر خرچ کریں گے۔ ہم نے سب کو میرٹ پر قرض دینا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام پر عثمان ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، حکومت اور قوم کومل کر نیاپاکستان بنانا ہوں گا، تین پروگرام آگے آرہے ہیں، نئے پاکستان میں سب برابر کے شہری ہیں، یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن بنا رہے ہیں تاکہ ملک کے نوجوان ایک دوسرے سےرابطے میں رہیں، 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک قرضے میرٹ پر دیے جائیں گے ، یہ قرضے 45 کمزور اضلاع میں دیے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مدارس کے علماء سے ملاقاتیں کر کے معاملات طے کیے ہیں، مدارس کو بھی مرکزی دھارے میں شامل کررہے ہیں، پورے پاکستان میں یکساں نظام تعلیم چاہتے ہیں، 2 ہزار اساتذہ کو عالمی معیار کی تربیت دی جائے گی، بچوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم دینی ہے، دینی مدارس کے بچوں کو جدید علوم سے آراستہ کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی تاریخ میں عظیم ترین انسان محمدﷺ ہیں، بڑا انسان بننا ہے تو حضرت محمد ﷺ کی زندگی کو بار بار پڑھنا اور سمجھنا ہوگا، دنیا اس کو یاد رکھتی ہے جو انسانوں کے لیے کچھ کرتا ہے، مدینہ کی ریاست پہلے دن نہیں بنی، جدوجہد کرنے کے بعد بنی.
وزیر اعظم نے مولانا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ یہ پہلی اسمبلی ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، فضل الرحمن کی پارٹی کے لوگ بھی میرٹ پر آئے تو انہیں بھی قرضے دیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میرٹ لارہے ہیں اور کرپشن پر قابو پارہے ہیں، ہمارے ملک میں بدقسمتی سے نا میرٹ تھا اور نہ کرپشن کو روک سکے، وہ انسان اوپر جاتا ہے جس کی سوچ بڑی ہوتی ہے،جس کا خواب بڑا ہوتا ہے، میرٹ قوم کے لیے سب سے اہم چیز ہوتی ہے، جب پاکستان بنا ہم کرپشن کو نہ روک سکے، جب پاکستان بنا قائد اعظم نےکہا میرٹ ہو اور کرپشن نہ ہو، دنیا میں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن میں میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے، بادشاہت کے نظام میں میرٹ نہیں ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں خوددار قوم بننا ہے تو ٹیکس دینا پڑے گا۔ 14 ماہ میں سب سے بڑا مسئلہ یہ آیا کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے، صرف 2 سگریٹ کمپنیاں ٹیکس دے رہی ہیں، باقی 98 فیصد ٹیکس نہیں دے رہیں، ہمیں اپنے آپ کو بدلنا پڑےگا، ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلےگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ 12 ماہ میرے لیے سب سے مشکل تھے، ملک دیوالیہ تھا، اگلے 5 سال میں ملک میں 10 ارب درخت لگانے ہیں، مجھے اللہ پر پورا ایمان ہے کہ اس ملک کا اچھا وقت شروع ہونے والا ہے، تبدیلی آہستہ آہستہ آتی ہے، انسان بدلتا ہے، ذہنوں میں تبدیلی آتی ہے، ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہے، سچائی کی طرف جانا ہے۔
تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا، پارٹی کی مرکزی قیادت اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی جب کہ غیرملکی سفرا، عالمی اداروں کے نمائندے اور تمام بڑی جامعات کے وائس چانسلرز بھی تقریب میں موجود تھے۔