پشاور: چہلم حضرت امام حسینؑ کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل

پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) پشاور میں چہلم امام حسینؑ کے سلسلے میں 3 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اندرون شہر کے حساس علاقوں میں ناکہ بندی اور چیکینگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ٹانک، پارا چنار سے آج ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

پشاور میں چہلم امام حسینؑ کے سلسلے میں پہلا جلوس علم امام بارگاہ علمدار کربلا قصہ خوانی سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اخوند آباد اندرون کوہاٹی میں اختتام پذیر ہوگا۔

امام بارگاہ اخوند آباد محلہ نوبجوڑی سے دوسرا جلوس ذوالجناح برآمد ہوگا جبکہ مرکزی شیعہ جامع مسجد قصہ خوانی سے تیسرا جلوس سہ پہر کو برآمد ہوگا، سہ پہر تک تمام جلوس قصہ خوانی بازار پہنچیں گے، جہاں مرکزی جلوس کی شکل میں واپس اپنی امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوں گے۔

صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، پشاور میں 3500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔

تمام جلوسوں کی نگرانی ایس پی رینک کا افسر کرے گا، شہر میں ڈبل سواری، کالے شیشوں، بغیر نمبر اور غیر قانونی نمبرپلیٹ والی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں