پاراچنار: کرم میں ذاتی دُشمنی کو مذہبی رنگ دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے، میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ

پاراچنار (نمائندہ ڈیلی اردو) ضلع کرم سمیت قبائلی اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور بڑی مشکل سے امن قائم ہوا ہے، کسی کو قانون شکنی اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے اور ضلع کرم میں ذاتی دشمنی کو غلط رنگ دینے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

پاراچنار میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے لئے قائم کئے گئے کرائسز منیجمنٹ سیل میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ نے کہا کہ بعض عناصر ملک کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں اور ضلع کرم میں ذاتی دشمنی میں دو افراد کے قتل کے واقعے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں، حالانکہ قتل ہونے والے دو افراد کا عدالت میں کیس چل رہا تھا پھر کیسے اس کیس کو اچھالا گیا اس قسم عناصر قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے اور 23 اکتوبر کو اس حوالے سے جرگہ بھی منعقد کیا جارہا ہے جس سے قبل قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔

میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر فینسنگ کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے سرحد سے اس پار دہشت گردوں کی موجودگی ہمارے لئے خطرہ ہے اور بعض عناصر کو ہمارے ملک میں امن پسند نہیں اس وجہ سے ہمارے ملک میں بدامنی کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر ایران اور سعودی عرب اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہت مشکل سے صدہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے، مگر دہشت گرد مواقع ڈھونڈ رہے ہیں۔ مشران اس قسم عناصر کا قلع قمع کریں کیونکہ اس قسم واقعات آگ سے پہلے چھنگاری کا کام دیتے ہیں اور عمائدین کے تعاون سے اس قسم عناصر کی سرکوبی میں آسانی ہوگی۔

میجر جنرل اسد نواز جنجوعہ کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کی وجہ سے اس قسم عناصر کے ساتھ وقتی طور پر نرمی کی گئی ہے، بد امنی کے لئے منصوبہ بندی کرنے اور چھوٹے موٹے واقعات کو بڑھاوا دینے والے سزا سے نہیں بچ سکتے اس موقع پر 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس، کمانڈنٹ فرنٹیئر کور کرنل جمیل، ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد، اسسٹنٹ کمشنر عمیر احمد نے قبائلی عمائدین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے قبائلی عمائدین نے قیام امن کے لئے اپنا بھرپور تعاون کرنے کا یقین دلایا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں