بھارت نے امریکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے روک دیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ بھارت نے امریکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی برائے جنوبی ایشیا کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔

اجلاس میں امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ امریکا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے، امریکا نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں اپنا وفد بھی بھیجنے کی کوشش کی تھی تاہم بھارت نے امریکی وفد وادی میں بھیجنے سے انکار کردیا۔

ایلس ویلز نے اجلاس میں کہا کہ امریکا نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بحال کرے اور انسانی حقوق کا احترام کرے۔

واضح رہے مودی سرکار نے 5 اگست کو آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کردیا تھا جس سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی، اس اقدام کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور اب تک متعدد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں