واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) امریکا نے شام میں تیل تنصیبات کی حفاظت کیلئے اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی منصوبے کی دوبارہ بحالی شام کی ڈیموکریٹک فورس (ایس ڈی ایف) کے تعاون سے کی جائے گی جو شمالی شام میں آئل تنصیبات کو داعش اور آئی ایس آئی ایل کے قبضے میں جانے سے روکے گی۔
US to deploy more troops to eastern Syria in another Trump policy shift https://t.co/BHM5RpCUCY pic.twitter.com/fwJehL7NVh
— Al Jazeera Breaking News (@AJENews) October 25, 2019
پینٹاگون کا کہنا ہےکہ امریکا اپنے اتحادی ایس ڈی ایف کے تعاون کے ساتھ اپنی پوزیشن کی دوبارہ بحالی پر کاربند ہے جب کہ شمالی شام میں اضافی فوجی دستے آئل تنصیبات کے داعش یا دیگر شرپسند عناصر کے واپس قبضے میں جانے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
سابق امریکی عہدیدار نے کہا کہ پالیسی میں ایک اور تبدیلی کے تحت امریکا کی جانب سے شمالی شام میں فوجی دستوں کی تعیناتی تاریخ اور جغرافیہ کو بری طرح نظرانداز کرنا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ امریکا داعش کو کبھی آئل تنصیبات پر دوبارہ منظم نہیں ہونے دے گا۔
واضح رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں شمالی شام سے امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ترکی نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف آپریشن شروع کیا۔
یاد رہے کہ ترکی کی جانب سے شمالی شام میں 9 اکتوبر سے کرد باغیوں کے خلاف بہارِ امن ’پیس اسپرنگ‘ کے نام سے فوجی آپریشن شروع کیا گیا تھا ۔
ترکی اپنی سرحد سے متصل 32 کلو میٹر تک کے شامی علاقے کو محفوظ بنا کر ترکی میں موجود کم و بیش 20 لاکھ سے زائد شامی مہاجرین کو وہاں ٹھہرانا چاہتا ہے اور ترکی کا مطالبہ ہےکہ کرد ملیشیا شمالی شام کی 32 کلو میٹر کی حدود سے باہر چلی جائے اور یہ علاقہ ’سیف زون‘ کہلا سکے۔
معلوم رہے کہ کرد ملیشیا آزاد ملک کے قیام کیلئے سرگرم ہے، عراق میں کردستان کے نام سے ایک خودمختار علاقہ کردوں کو دیا گیا ہے تاہم وہ شام اور ترکی کے کچھ علاقوں کو بھی کردستان کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جبکہ ترکی کرد ملیشیا کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سیز فائر معاہدے کے تحت روس اور شام کرد ملیشیا کو سرحدی علاقے سے نکالنے میں سہولت کاری فراہم کریں گے۔
روس نے کرد ملیشیا کو خبردار کیا ہےکہ وہ ترکی اور شام کے سرحدی علاقے سے فوری انخلا کریں بصورت دیگر ترک فوجیں انہیں ختم کردیں گی۔