لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو معمولی ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق گذشتہ روز نواز شریف کو انجائنا کی شدید درد ہوئی جس کے بعد ان کے دل کے ٹیسٹ ٹروپ ٹی، ٹروپ آئی، ای سی جی اور ایکو کارڈیو گرافی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دل کے ٹیسٹ ٹروپ ٹی اور ٹروپ آئی کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے جو کہ ممکنہ طور پر عارضہ قلب کی علامات کو ظاہر کر رہی ہیں، تاہم نواز شریف گردوں کے مرض میں بھی مبتلا ہیں اور گردوں کے مرض کے باعث بھی یہ رپورٹس پازیٹو آ سکتی ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ مختلف رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا کہ ٹروپ ٹی اور ٹروپ آئی کی رپورٹ عارضہ قلب یا گردوں کے امراض میں سے کس کی بنیاد پر پازیٹو آئیں۔
میڈیکل بورڈ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ای سی جی اور ایکو کارڈیو گرافی کی رپورٹ قدرے بہتر آئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو خون پتلا کرنے کی ادویات دینا شروع کر دی گئی ہیں۔