کندھ کوٹ (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج کے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان اچھا تھا۔
صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان اچھا تھا۔ نیا پاکستان ایک بھانک خواب نکلا۔ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، عوام کے حقوق پر کھلا ڈاکا ڈالا گیا ہے، عمران کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا لیکن قرض نہیں لوں گا، کہاں گئی وہ ایک کروڑ نوکریاں؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے، سابق صدر آصف زرداری کو بغیر جرم کے جیل میں قید کردیا گیا، حکومت کا ہر ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر عوام پر ہونے والا ظلم برداشت نہیں، عوام ظالم حکومت کو مزید برداشت نہیں کرسکتے، ہم سےانصاف نہیں ہوتا لیکن عوام سے تو انصاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نیازی کی حکومت میں سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو انصاف کیوں نہیں ملتا۔ آنے والے دنوں میں بہت خطرناک صورت حال دیکھ رہا ہوں، عوام ان خطرناک حالات میں گھرنہیں بیٹھیں گے، حکومت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاؤں گا۔ ظالم عمران خان کو استعفیٰ دینا ہوگا۔