جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر ہری پور جیل منتقل

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے جے یو آئی ف مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کرلیا۔ مفتی کفایت اللہ کو سینٹرل جیل ہری پور منتقل کردیا گیا۔

آزادی مارچ سے پہلے جے یو آئی فے کے رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہے، اسلام آباد میں پولیس نے ای الیون تھری سیکٹر کی طوبیٰ مسجد سے صبح چار بجے جے یو آئی کے مرکزی رہنما سابق رکن اسمبلی مفتی کفائت اللہ کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور مانسہرہ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کیا جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل ہری پور منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب  جے یو آئی (ف) کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اسلم غوری نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مفتی کفایت اللہ کو گزشتہ رات اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون سے گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ روز نادرا نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کرتے ہوئے انہیں ٹی وی پروگرامز میں شرکت کرنے سے روک دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔ ڈی ائی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لئے نہ کہیں چھاپہ مارا اور نہ ہی انہیں گرفتار کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں