کراچی (ڈیلی اردو) شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں خاتون نے حالات سے تنگ آکر کمسن بیٹی کو سی ویو کے قریب سمندر میں ڈبو کر قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گولیمار کی رہائشی خاتون نے حالات سے تنگ آکر کمسن بیٹی کو سی ویو کے قریب سمندر میں پھینک کر قتل کردیا، خاتون کی خودکشی کی کوشش موقع پر موجود افراد نے ناکام بنادی جبکہ ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شکیلہ زوجہ رشید کراچی کے علاقے گولیمار کی رہائشی ہے جس نے سی ویو کے علاقے ساحل ایونیو کے قریب سمندر میں جاکر پہلے اپنی ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں پھینک دیا، جب اس نے خود بھی سمندر میں ڈوبنے کی کوشش کی تو موقع پر موجود افراد نے اسے پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شکیلہ کو حراست میں لے لیا۔
خاتون کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر نے ایک ماہ قبل اسے بچی سمیت گھر سے نکال دیا تھا جبکہ اس کے باپ نے بھی اپنے گھر میں رہنے کے لیے جگہ نہ دی جس کے نتیجے میں وہ دربدر ہوگئی تھی۔
خاتون کے مطابق شوہر لیب ٹیکنیشن ہے، معاشی حالات ابتر ہونے کی وجہ سے گزر بسر کرنا بھی محال ہوگیا تھا، اپنوں کے رویے، تنگدستی اور مالی حالات کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر بیٹی سمیت موت کو گلے لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
ایس ایچ او غزالہ کے مطابق بچی کو تلاش کرنے کے لیے انہوں نے فوری طور پر غوطہ خوروں کی مدد سے بچی کی لاش سمندر سے نکال لی جبکہ پولیس نے ملزمہ شکیلہ کے خلاف 302 کی دفعہ کے تحت مقدمہ نمبر 19/09 درج کرلیا ہے۔