سابق عراقی فوجی افسر عبداللہ قرداش عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا نیا سربراہ مقرر

لندن (ڈیلی اردو) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق عراقی صدر صدام حسین کے فوجی آفیسر عبداللہ قرداش کو ابوبکر بغدادی کی جگہ داعش کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد شدت پسند تنظیم کے نئے سربراہ کا اعلان کر دیا گیا، برطانوی میڈیا کے مطابق عراق کے سابق صدر صدام حسین کے آرمی آفیسر بداللہ قرداش کو داعش کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد مارا گیا لیکن اس آپریشن میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، امریکا کی جانب سے مارے جانے والے داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت دس ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ کے مطابق استاد کے لقب سے مشہور عبداللہ قرداش 2003 میں صدام حسین کی فوج میں شامل تھا۔ امریکی فوج نے 48 سالہ ابوبکر البغدادی اور قرداش کو سنہ 2003ء کو پکڑا تھا۔ ان دونوں پر ‘القاعدہ’ کے ساتھ رابطوں کا الزام عاید کیا گیا تھا۔ دونوں کو بصرہ سے گرفتار کیا گیا۔

البغدادی نے قرداش کی مدد سے سینکڑوں قیدیوں کو ‘داعش’ میں بھرتی کرنے کی مہم چلائی اور اس کے ساتھ مل کر’خلافت’ کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ عبداللہ قرداش کو ‘داعش’ کے قانون سازوں میں شمار کیاجاتا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں