پنجاب میں چار سالوں میں 6505 آپریشن، 175 دہشت گرد ہلاک، 1344 گرفتار کیے گئے: رائے محمد طاہر

لاہور (ڈیلی اردو) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے 45 ماہ کے دوران صوبہ بھر میں ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں 175 دہشتگردوں کو ہلاک اور 1344 کو گرفتار کیا، ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث درجنوں گروہوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا۔ دہشتگردوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے 2010 میں بننے والی انسداد دہشتگردی فورس کی پنجاب بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ‘

‘ نیوز ایجنسی این این آئی” کو حاصل ہونے والے سی ٹی ڈی ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ 2015 سے لے کر 31 دسمبر 2018 تک مجموعی طور پر 6505 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ 808 آپریشن حساس اداروں کی معاونت سے جبکہ 5 ہزار 697 آپریشنز سی ٹی ڈی کی جانب سے کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف کالعدم اور دہشتگرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 175 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے 1344 ساتھی گرفتار کر لئے گئے۔

دہشتگردوں کے خلاف سی ٹی ڈی کے مختلف تھانوں میں 985 مقدمات بھی درج کئے گئے۔ مختلف کارروائیوں میں مارے جانے والے اور گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کے قبضہ سے 614 کلو گرام بارودی مواد، 482 دستی بم، 1259 ڈیٹونیٹرز، 112 بیٹریاں، 1182 میٹر پرائما کارڈ، 142 کلاشنکوفیں، 276 پستول، 30 راکٹ، 7 لانچر، 194 میگزین اور مختلف بور کی 28 ہزار 812 گولیاں برآمد کی گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق شرانگیز اور نفرت آمیز تقاریر کرنے پر صوبہ بھر سے مجموعی طور پر 357 ملزموں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 1600 سی ڈیز، 377 کتابیں، 4348 پمفلٹس اور شرانگیز لٹریچر پر مشتمل 3956 میگزین بھی برآمد کرلیے گئے۔ اسی طرح دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والے 197 ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 138 مقدمات درج کیے گئے۔

سی ڈی حکام کا کہنا ہے ہے کہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے 45 ماہ کے دوران 62 ہزار 489 کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔ کومبنگ آپریشنز کے دوران 21 لاکھ مشکوک افراد سے پوچھ گچھ، 5 لاکھ 89 ہزار 945 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ 19 ہزار 535 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ شناختی کوائف کی عدم دستیابی، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی سمیت دیگر دفعات کے تحت 10ہزار 725 مقدمات درج کیے گئے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب رائے محمد طاہر کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی فورس کی یکے بعد دیگرے کارروائیوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث درجنوں گروہوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے جان ومال کی محافظ ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں