رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، 75 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

رحیم یار خان (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب مبینہ طور پر گیس سیلنڈر  پھٹنے سے  آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پورٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 75 تک جاپہنچی ہے جبکہ جائے حادثے پر ریسکیو کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق آٹھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تباہ شدہ بوگیوں کو ٹریک سے ہٹایاگیا ہے اور اپ ٹریک کو بحال کردیا ہے۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد تہتر تک جاپہنچی ہے جبکہ چالیس سے زائد مسافر زخمی ہیں، شدید زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے زریعے ملتان کے برن سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان میں لیاقت پور کے قریب حادثہ پیش آیا اور ٹرین میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے اس کی تین بوگیوں میں آگ لگ گئی تھی۔

ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 75 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جب کہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ تین بوگیوں میں تقریباً 200 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے ایک بوگی میں 78، دوسری میں 77 اور بزنس کلاس کی بوگی میں 54 افراد کی بکنگ تھی، حادثے کے بعد بوگیوں سے کئی افراد کی جلی ہوئی لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے کئی لاشوں کے ٹکڑے ملے ہیں۔سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلنڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3،4،5 میں لگی، تینوں متاثرہ بوگیوں کے زیادہ تر ٹکٹس ایک ہی مسافر کے نام پر بک کرائےگئےتھے ۔

واقعے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے سانحے کے مقام پر پہنچ کر سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی سانحے کی جگہ پہنچا، جس کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کےڈاکٹرز اورپیرا میڈیکس بھی امدادی کارروائیوں مصروف رہے۔

تیز گام ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 18 افراد کا تعلق میرپور خاص سے ہی جبکہ ٹنڈوجام اور ٹندولہیار کے شہری بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

میرپورخاص مدینہ مسجد سٹیلائٹ ٹاون کےامام قاری مقبول بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں