راولپنڈی (ڈیلی اردو) جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کی زیرقیادت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے والے آزادی مارچ کے انتظار میں کھنہ پل پہ کھڑے افراد میں اچانک بدنظمی پیدا ہوئی تو 6 افراد نیچے گر گئے جن میں سے 2 جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کھنہ پل پر جڑواں شہروں سے شہریوں کی بڑی تعداد مارچ کا استقبال کرنے کے لیے جمع ہوگئی تھی۔ اس دوران بگھڈر سے 6 افراد پل سے نیچے ایکسپریس وے پر گرگئے۔ جس کے نتیجے میں شفقت اور طلحہ نامی افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان کھنہ پل پر جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کے استقبال کیلئے کھڑے 6 افراد نیچے گرگئے جن میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمی ہونے والے چار افراد کو راول ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جان بحق افراد کی شناخت، 13 سالا طلحہ اور 40 سالا شفقت عباسی کے نام سے ہوئِی ہے۔ طلحہ منیر راولپنڈی اور شفقت عباسی برما ٹاون کا رہائشی ہے۔ اخلاق اور عباس سمیت چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ مزید دو زخمیوں کی شناخت فوری طور پر نہ ہوسکی۔