وزیراعظم عمران خان کا کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی رعایتوں کا اعلان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کےذریعے بھارت سے پاکستان آنے والے سکھ زائرین کے لیے بڑی رعایتوں کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کرتار پور زیارت کے لیے آنے والوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ اس کے لیےصرف درست شناختی دستاویزات ہی کافی ہوں گی۔

اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کے لیے 10 روز قبل اندراج کروانے کی بھی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں مزید اعلان کیا کہ کرتارپور راہداری کے افتتاحی دن اور گرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر زائرین سے کوئی واجبات بھی وصول نہیں کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد اور دہلی کے مابین طویل اور دشوار مذاکرات کے بعد بالآخر 24 اکتوبر کو کرتار پور راہداری فعال کرنے کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے اور رواں ماہ کی 9 تاریخ کو وزیراعظم خود اس کا باضابطہ طور پر افتتاح کریں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کیے گئے معاہدے کے تحت روزانہ 5 ہزار سکھ یاتری بغیر ویزا گرردوارہ کرتار پور صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرسکیں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں