آزادی مارچ: جے یو آئی(ف) نے خواتین اینکرز اور صحافیوں کو جلسہ کی کوریج کی اجازت دیدی

اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خواتین اینکرز اور صحافیوں کو جلسہ کی کوریج کی اجازت دیدی۔ جمعہ کو جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنان نے خواتین اینکرز پرسن اور رپورٹرز کو دھرنے کی کوریج کرنے سے روک دیا۔

جے یو آئی (ف) کے سیکورٹی رضا کاروں نے کہا کہ خواتین جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہو سکتیں اور خواتین رپورٹرز دھرنے کی کوریج بھی نہیں کر سکتیں۔ سیکورٹی پر مامور کالعدم تنظیم کے رضا کاروں نے کہا کہ وہ خواتین رپوٹرز کو پنڈال میں داخلے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

بعد ازاں سینئرصحافیوں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے شکوہ کیا کہ خواتین رپورٹرز اور اینکرز کو کوریج سے روکا جارہا ہے جس کے بعد مولانا فضل الرحمن نے سینیٹر غفور حیدری کو ہدایت کی کہ صحافی خواتین کو کوریج کی اجازت دی جائے جس کے بعد مولانا غفور حیدری نے سٹیج سے اعلان کیا کہ ٹی وی اینکرز پرسن اور خواتین صحافیوں کو نہ روکا جائے۔

بعد ازں سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر جمعیت علمائے اسلام کے سٹیج پر آئے اور خواتین کو کوریج کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا۔

حامد میر نے کہا کہ 2014کے دھرنے کے دور ان صحافت کے شعبے سے وابستہ ہماری بہن بیٹیوں پر تشدد کیا گیا انہوں نے ثناء مرزا کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ لائیو کوریج کے دور ان ثناء مرزا کو پتھر مارا اور بوتلیں پھینکی گئیں جس پر وہ رونے لگ گئی تھیں۔

حامد میر نے کہا کہ میں صحافی تنظیموں کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے خواتین صحافیوں کو کوریج کی اجازت دی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں