اسلام آباد: آزادی مارچ میں افغان طالبان کے جھنڈے لہرانے پر 8 افراد گرفتار

اسلام آباد (ڈیلی اردو) جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ میں افغان طالبان کے جھنڈے لہرانے پر 8 افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔

سی آئی اے پولیس اسلام آباد نے ملزموں کو گرفتار کر کے دفتر منتقل کردیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آزادی مارچ میں افغان طالبان کے جھنڈے لہرانے پر سی آئی اے پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرلیا جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی، ڈی سی کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب آزادی مارچ انتظامیہ نے اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ کوئی اور پرچم لہرانے پر پابندی عائد کردی۔

جے یو آئی کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایسے کوئی جھنڈے نہیں دیکھے، یہاں صرف 9 جماعتوں کے جھنڈے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں 10 ہزار ایسے رضاکار بھی ہیں جن کو میں خود بھی نہیں جانتا، وہ خفیہ طور پر تخریب کاروں پر نظر رکھتے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اگر دھرنے میں 9 سیاسی جماعتوں کے علاوہ کوئی اور پرچم لہرایا گیا تو اسے ضبط کرلیا جائے گا۔

دھرنے کے منتظمین نے گرفتار ہونے والوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور ایک گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے کچھ افراد کو سیکیورٹی ادارے والے صبح سے لے کر گئے ہیں جنہیں ابھی تک واپس نہیں کیا گیا، اگر ہمارے بندے ایک گھنٹے تک نہ آئے تو ہمارا معاہدہ ختم ہوجائے گا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں