میرواہ گورچانی: کراچی میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل اشرف باجوہ کی تدفین

میرواہ گورچانی (ڈیلی اردو) تھانہ شاہ لطیف کراچی کے شہید کانسٹیبل محمد اشرف باجوہ ولد محمد صادق باجوہ کی میرواہ گورچانی میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ شاہ لطیف کراچی کی حدود نزد فٹ بال گرائونڈ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد اشرف باجوہ کی نماز جنازہ میرواہ گورچانی میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ، چیئرمین احسان الحق آرائیں، وائس چیئرمین حاجی علی احمد گورچانی، رانا اسحاق راجپوت سمیت معززین شہریوں، پولیس افسران و دیگر پولیس اہلکاروں اور علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بعد ازاں ایس ایس پی میرپورخاص نے شہید کانسٹیبل محمد اشرف باجوہ کے ورثا کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہید کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔

شہید کانسٹیبل محمد اشرف باجوہ 2014ء میں پاک افوج سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور گزشتہ پانچ برس سے کراچی میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بن گیا۔ شہید کانسٹیبل محمد اشرف باجوہ نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں